بنگلورو:21؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)امسال ڈسمبر میں میعاد ختم ہونے والے منگلورو اور ڈاونگیرہ مہانگرپالیکا سمیت ریاست کے کل 17ٹاؤن میونسپالٹی کے لئے ریاستی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے ۔ اس تعلق سے 24اکتوبر کو متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس اعلامیہ جاری کریں گے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کے مطابق تمام مقامی اداروں کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے 31اکتوبر آخری تاریخ ہوگی۔ 2نومبر کو پرچوں کی جانچ ہوگی اور 4نومبر تک امیدوار اپنے پرچہ نامزدگی واپس لے سکتےہیں۔ 12نومبر کی صبح 7بجے سے شام 5بجے تک ووٹنگ ہوگی۔دوبارہ ووٹنگ کی ضرورت ہوئی تو 13نومبر کو کارروائی مکمل کرلی جائےگی۔ 14 نومبر کو متعلقہ تعلقہ مراکز پر صبح 8بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کی جانکاری دی گئی ہے۔ اس سلسلےمیں اتوار سے ہی انتخابات کے ضابطہ اخلاق جاری ہوگیا ہے، مہا نگرپالیکا وغیرہ میں 14نومبر کی شام تک جاری رہے گا۔ انتخابات میں حصہ لے رہے امیدوار زیادہ سے زیادہ تین لاکھ روپیوں تک خرچ کرسکتےہیں۔
منگلورو مہانگرپالیکامیں 60اور ڈاونگیرہ میں 45وارڈس ہیں۔ٹاؤن میونسپالٹی ہوسکوٹے، کنکا پور، ملباگلو، چکبلاپور ، گوری بدنور، چنتامنی اور ہنسور میں فی کس 31تو کے جی ایف، کولار میں فی کس 35وارڈس ہیں۔ میونسپالٹی ماگڈی، بیرور، کمپلی میں فی کس 23وارڈس ہیں، جب کہ پٹن پنچایت جوگ کارگل میں 11، کندگول میں 19اور کوڈلگی میں 20وارڈس ہونے کی جانکاری دی گئی ہے۔